اسلام آباد: آصف علی زرداری دوسری مرتبہ پاکستان کے 14 ویں صدر منتخب ہوگئے۔ انہیں 255 ووٹوں کی بھاری اکثریت حاصل ہوئی، جبکہ ان کے مدمقابل محمود اچکزئی کو صرف 119 ووٹ ملے۔ پنجاب اسمبلی میں انہیں 246 ووٹ اور سندھ اسمبلی میں 151 ووٹ ملے۔ بلوچستان اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں میں بھی انہیں مکمل اکثریت حاصل ہوئی۔
صدر کے انتخابات کیلئے 348 ووٹ درکار تھے، جس پر آصف علی زرداری نے یہ نمبر با آسانی حاصل کرلیا۔ اب کل مورخہ 10 مارچ کو ان کی حلف برداری ہوگی۔
اسلامی جمہوریہ پاکستان کی مختلف اسمبلیوں میں ووٹ کا عمل صبح 10 بجے شروع ہوا اور شام 4 بجے تک جاری رہا۔ انتخابی عمل میں پارلیمنٹ کے مختلف اراکین نے شرکت کی، جبکہ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس اور جے یو آئی ف نے بائیکاٹ کیا۔
آصف علی زرداری کو مسلم لیگ (ن)، ایم کیو ایم، مسلم لیگ (ق)، استحکام پاکستان پارٹی، بلوچستان عوامی پارٹی اور عوامی پارٹی کی حمایت حاصل تھی۔