کراچی: پی ایس ایل سیزن نائن کے دوسرے ایلیمنیٹر میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
اس میچ میں عماد وسیم اور حیدر علی کی شاندار بیٹنگ کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ نے 186 رنز کا ہدف ایک اوور قبل عبور کر لیا۔ عماد وسیم نے 40 بالز پر 9 چوکوں کی مدد سے 59 رنز بنائے، جبکہ حیدر علی نے 29 بالز پر 5 چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 52 رنز بنائے۔
پشاور زلمی کی جانب سے صائم ایوب، لیوک ووڈ، مہران ممتاز، اور خرم شہزاد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ قبل اس سے، پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 185 رنز بنائے، جہاں صائم ایوب 4 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 73 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، محمد حارث 40 اور بابر اعظم 25 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے نسیم شاہ نے 30 رنز دے کر 3 وکٹ حاصل کی۔ کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں ہونے والے اس میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔